حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علمائے مکتبِ اہل بیت (ع) پاکستان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین سید حسنین عباس گردیزی نے اپنے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں امریکہ دنیا کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے؛ ایران کے خلاف حالیہ دھمکی آمیز بیانات اور سپریم لیڈر انقلاب اسلامی حضرت آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے خلاف اشتعال انگیز رویّے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ رہبرِ معظم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کو امریکہ کی طرف سے کھلی جنگ سمجھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کا یہ طرزِ عمل عالمی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے اور یہ بیانات نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی اور عدمِ استحکام کو ہوا دینے کے مترادف بھی ہیں۔
مجلسِ علما مکتبِ اہلِ بیتؑ واضح طور پر اس جارحانہ اور غیر ذمہ دارانہ زبان کو مسترد کرتی ہے۔
ہم یہ واضح طور پر مکتب مجلس علمائے کے تمام علماء، یعنی متفقہ طور پر یہ اعلان کرتے ہیں کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی ہمارے عالمی رہبر ہیں، ہمارے دلوں کی دھڑکن ہمارے روحانی پیشوا ہیں ان کو اگر ذرہ برابر بھی کوئی نقصان ہوا یا دشمن نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کو امریکہ کی طرف سے مسلط کردہ کھلی جنگ کے مترادف سمجھا جائے گا۔دشمن جان لے یہ ہماری سرخ لکیر ہے اور ہم اس حوالے سے ذرا سا بھی دشمن کی طرف سے کوئی اقدام ہمارے ناقابل قبول ہے
علامہ حسنین عباس گردیزی نے کہا کہ رہبرِ معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای عالمِ اسلام کے کروڑوں مؤمنین کے لیے روحانی مرجع، فکری رہنما اور وحدتِ امت کی علامت ہیں۔ ان کی ذات کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی یا اقدام پوری امتِ مسلمہ کے جذبات کو مجروح کرتا ہے اور عالمی امن کے لیے شدید خطرات پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجلسِ علما مکتبِ اہلِ بیتؑ کے تمام علما متفقہ طور پر یہ اعلان کرتے ہیں کہ ہم اپنے روحانی مرجع کی حرمت اور سلامتی کے دفاع میں ہر سطح پر پُرامن، قانونی اور سفارتی جدوجہد جاری رکھیں گے، اور دنیا کو باور کرائیں گے کہ مذہبی قیادت کے خلاف دھمکیاں ناقابلِ قبول ہیں۔
صدر مجلسِ علما مکتب اہلبیت نے پاکستان بھر کے ائمہ جمعہ، علماء اور دینی قائدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات، بیانات اور علمی و عوامی فورمز کے ذریعے اس موقف کو اجاگر کریں، عوام میں بیداری پیدا کریں اور عالمی برادری کو یہ پیغام دیں کہ رہبر معظم آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے خلاف جارحانہ رویّہ ہماری سرخ لکیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایران کے خلاف اشتعال انگیز بیانات اور دھمکیوں کا فوری نوٹس لیں اور خطے میں امن کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مذید کہا کہ ہم عالمی امن، باہمی احترام اور بین المذاہب و بین الاقوامی ہم آہنگی کے داعی ہیں، اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کو مسترد کرتے ہوئے مظلوم اقوام کے حقِ خود ارادیت اور وقار کے دفاع میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔









آپ کا تبصرہ